سال 2021  تک 3 لاکھ80ہزار نوجوانوں کو ہنرمند اور تربیت یافتہ بنایا جائے گا۔ جواد خان

371

نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر صنعتی شعبے کی پیداوار  کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ محمد نوید

اسلام آباد : پنجاب سکلز ڈولپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی پی) نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک سمینار منعقد کیا جس کا مقصد صنعتی شعبے کو ان کی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے بارے میں تاجر بردری سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب سکلز ڈولپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد خان نے کہا کہ ان کا ادارہ صنعتی شعبے کو ان ضرورت کے مطابق ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے تا کہ صنعتی شعبے کی پیداوار بہتر ہو اور نوجوانوں کو بھی روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرنے کا مقصد ان کوششوں میں ان کے ساتھ پارٹنرشپ کے امکانات کا جائزہ لینا اور نجی شعبے کی ہنر مند افرادی قوت کی ضروریات کو معلوم کرنا ہے تا کہ ان کا ادارہ مطلوبہ ہنر کی افرادی قوت تیار کرنے میں ان کے ساتھ تعاون کر سکے۔
جواد خان نے کہا کہ پی ایس ڈی پی پنجاب کے 38اضلاع میں کام کر رہا ہے اور اب تک تقریبا 10شعبوں میں 250 سے زائد ٹریڈز میں 2لاکھ 50ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کر چکا ہے جن میں سے 96ہزار خواتین تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 300ادارے پی ایس ڈی پی کے پارٹنر ہیں جن میں صنعتی شعبہ، فارمل تربیت فراہم کرنے والے ادارے اور کمیونٹی بیسڈ ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ ہنر مندی و تربیت کیلئے غریب اور پسماندہ طبقے کے 18سے 29سال کے نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے تا کہ وہ ہنر مند اور تربیت یافتہ بن کر باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور نجی شعبے کی پیداواری صلاحیت کو بہتر کرنے میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے کے پاس اچھے خاصے فنڈز دستیاب ہیں اور ان کا اگلا ہدف 2021تک 3لاکھ 80ہزار نوجوانوں کو ہنر منداور تربیت یافتہ بنانا ہے جن میں سے40فیصد خواتین ہوں گی تا کہ وہ جدید ہنر مندی و تربیت حاصل کر کے ملک کی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پی ایس ڈی پی چیمبر کے تعاون سے نجی شعبے کی ضرورت کے مطابق ہنر مند اور تربیت یافتہ افراد تیار کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد نوید نے کہا کہ پاکستان کی اکثر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن میں سے صرف 8فیصد ہائر سیکنڈری تعلیم تک پہنچتے ہیں جبکہ 92فیصد اعلیٰ تعلیم سے محروم رہتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے جو نوجوان اعلیٰ تعلیم کی طرف نہیں جاتے ان کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو ہنر مند اور تربیت یافتہ بنایا جائے تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی اس ملک کا عظیم سرمایہ ہے لیکن اگر ان کو نظر انداز کیا گیا تو یہی آبادی ملک پر ایک بوجھ بن سکتی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو جدید شعبوں میں ہنر اور تربیت فراہم کر کے صنعتی و تجارتی اداروں سمیت دیگر شعبوں میں استعمال کر کے ان کی صلاحیتوں سے بہتر استفادہ حاصل کیا جائے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نثار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر کاروباری ادارے ایس ایم ای شعبے سے تعلق رکھتے ہیں لہذا پنجاب سکلز ڈولپمنٹ فنڈ ایس ایم ایز کیلئے ان کی ضرورت کے مطابق ہنرمند اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کیلئے خصوصی کوششیں کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر پی ایس ڈی پی اور خطے کی ایس ایم ایز کے درمیان روابط بہتر کرنے اورہنر مند افراد تیار کرنے کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون کرے گا۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، احمد مغل، اشفاق چھٹہ، خالد چوہدری، محترمہ آمنہ ملک اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اورایس ایم ایز کیلئے ہنرمند و تربیت یافتہ نوجوان افرادی قوت تیار کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔