ترکی پاکستان کے توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ قونصل جنرل

256

کراچی: ترکی پاکستان کے توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ اس بات کا اظہارپاکستان میں ترکی کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل تولگا اکک نے ترکش ایئر لائن کی جانب سے منعقد کئے گئے ایجنسی ایوارڈ 2017میں صحافیوں سے رسمی ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے پاکستان اور ترکی کے مابین درطرفہ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی ہوابازی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کی قومی ائیرلائنزکے مابین پہلے سے ہی کاروباری تعلقات قائم ہیں۔
تولگا اکک نے ویزا آن ارائیول کی پالیسی متعارف کروانے کے حالیہ حکومتی فیصلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے موئثر ثابت ہوگا۔ چونکہ حالیہ دنوں میں کراچی میں سیکوریٹی کے ماحول میں بہتری آئی ہے اس لئے ہم کراچی کو ترکش لوگوں کیلئے محفوظ اور پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانا چاہتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ2018میں زیادہ سے زیادہ ترکش سیاح پاکستان کا سفر کریں گے۔
انہوں نے ترکی کو بطورترجیجی سیاحتی مقام فروغ دینے پر پاکستانی ٹریول ایجنسیز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ 2017میں تقریباً77,000پاکستا نیوں نے ترکی کا سفر کیا۔ جن کی تعداد 2000ء میں صرف 7908تھی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترکش ایئر لائنز کی جانب سے پرکشش پیکجز کو متعارف کروانے اور ترکی میں مستحکم سیاسی اور سیکوریٹی کی صورتِ حال کی وجہ سے 2018میں ترکی سفرکرنے والے پاکستانی مسافروں کا ریکارڈ قائم ہوگا۔ قونصل جنرل نے کہا اقوامِ متحدہ کے عالمی سیاحتی اعداد وشمار کے مطابق 2017میں6.7فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً1.3ارب افراد نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔جن میں 32.5ملین افراد نے ترکی کا سفر کیا۔
اس موقع پر ترکش ایئر لائن کی جنرل منیجر فاتح اتاجن ٹیمیلنے بتایا کہ2017میں کراچی سے ائیرلائن کی کارپوریٹ سیلز میں ریکارڈ 352فیصد، آمدنی میں34.5فیصد، پیسنجر لوڈ فیکٹر میں5فیصداضافہ جبکہ کیبن کلاس لوڈ فیکٹر میں13فیصداضافہ ہوا۔ فاتح اتاجن ٹیمیلنے مزید کہا کہ 2017کے کامیاب اختتام کی بعدایئر لائن نے 2018کیلئے اپنے نئے اہداف مقرر کرلئے ہیں۔اس سال ایئر لائن استنبول میں تعمیر ہونے والے نئے ہوائی اڈے پر اپنا حب منتقل کرلے گی۔
واضح رہے کہ 2017میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 68ملین مسافروں کے اضافے کے ساتھ ترکش ایئر لائن کے مسافروں کی تعداد میں 9.3فیصد اضافہ ہوا ۔