عالمی معاشی حالات کی تبدیلی سے پاکستان کوکلیدی کردار حاصل ہوگا۔ گورنر سندھ 

628

کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ مستقبل میں دنیا کی معیشت کا مرکز چین ہوگا ،خطیر سرمایہ کاری سے سات معاشی کوریڈورز بناکر چین عالمی معاشی نقشہ بدلنے جارہا ہے جس میں پاکستان کوکلیدی کرداراور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مشرقی و جنوبی ایشیاء کے لئے عالمی معاشی وتجارتی مرکز ہوگا جس میں گوادر اور کراچی کو عالمی تجارت میں نمایاں اہمیت حاصل ہوگی ،تیزی سے بدلتے عالمی حالات با الخصوص معاشی و تجارتی مراکز کی تبدیلی ایشیائی ممالک میں خوشحالی و ترقی کی نوید ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں Area Study Cetre for East & South Asia کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حماد اللہ کاکیپوٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ادارہ کی کارکردگی، عالمی حالات کی تبدیلی سے مشرقی و جنوبی ایشیاء پر پڑنے والے اثرات ، سی پیک ، نئے عالمی معاشی و تجارتی مراکز ، پاکستان کی اہمیت ، مستقبل کی ضروریات اور دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ خطہ کے اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی کو تجارتی لحاظ سے منفرد اور پرکشش اہمیت حاصل ہے ، سی پیک کی تعمیر سے کراچی کو عالمی تجارتی منڈی کا درجہ اور شہر کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام بھی حاصل ہوگا ،تیزی سے بدلتے عالمی حالات کے تناظر میں موجودہ حکومت دور رس اقدامات اٹھا رہی ہے اس ضمن میں حکومتی معاشی پالیسی کے ہر شعبہ میں مثبت نتائج دیکھے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے بڑھنے کے پیش نظر حکومت انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ صنعتی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے ، بندر گاہوں کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے دور جدید کے تقاضوں اور قومی ضروریا ت کے مطابق میگا پروجیکٹس تشکیل دیئے جار ہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ سے پاکستان مشرقی و جنوبی ایشیائی ممالک سے مزید قریب آجائے گا ، خطہ کے ممالک تک پاکستان کی آسان رسائی سے تجارتی، معاشی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں بھی مزید اضافہ یقینی ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل سے بڑھنے سے پاکستان میں معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے اس وقت پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے سب سے منفرد اہمیت کا حامل ملک بن کر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اعتبار سے بھی پاکستان ماضی میں عالمی تجارت میں کلیدی کردار کا حامل خطہ ہے جہاں سے ماضی میں بھی وسط ایشائی ممالک سمیت دنیا کے دیگر ممالک تک تجارتی ، معاشی اور سماجی روابط قائم رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مستقبل کی ضروریات کے لئے Area Study Cetre for East & South Asiaاہم کردار ادا کر رہا ہے، تاریخی طور پر خطہ کے حالات اور حال کے واقعات کے تقابلی جائزہ سے مستقبل کی ضروریات کا اندازہ لگانے کے لئے ادارہ اہم قومی فریضہ انجام دے رہا ہے اس ضمن میں حکومت ادارہ کی ہر ممکن تعاون ،مدد او ر معاونت جاری رکھے گی ۔ ملاقات میں ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حماد اللہ کاکیپوٹونے گورنر سندھ کو ادارہ کی کارکردگی ، مستقبل کی ضروریات کے ضمن میں حاصل ہونے والی معلومات ، قومی تقاضوں سمیت دیگر امور پر تفصیلی آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے ہمیں مستقبل میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اقدامات اٹھانے ہونگے اس ضمن میں موجودہ حکومت کے اقدامات ملک وقوم کے بہتر مستقبل میں اہم ثابت ہوں گے۔