ایچ ای سی یونیورسٹیوں کے ذریعے صنعتی مسائل حل کرانے میں تعاون کرے گا۔ ڈاکٹر ارشاد علی

254

انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو مضبوط کر کے صنعتی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ محمد نوید
\

اسلام آباد : ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ ان کا ادارہ مقامی یونیورسٹیوں کے ریسرچ شعبوں کے ذریعے صنعتی شعبے کے اہم مسائل حل کرانے میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے ہائرایجوکیشن کمیشن کے مشیر برائے تحقیق و ترقی ڈاکٹر محمد لطیف اور ڈائریکٹر برائے تحقیق و ترقی محترمہ نوشابہ اویس سمیت ہری پور یونیورسٹی ، رفاہ یونیورسٹی، سرحد یونیورسٹی، اسلامک یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی راولپنڈی، ایئر یونیورسٹی، واہ یونیورسٹی، قائد اعظم یونیورسٹی، نمل یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، پیاس اسلام آباد اور دیگر یونیورسٹیوں کے آفسز برائے ریسرچ، انویشن اور کمرشلائزیشن کے نمائندگان کے ہمراہ چیمبر کا دورہ کیا اور صنعتی شعبے کے مسائل کے حل کیلئے انڈسٹری یونیورسٹی روابط کو فروغ دینے کے امور پر تاجروصنعتکار برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں کافی بہتر ریسرچ ہو رہی ہے جو عالمی اخبارات و رسائل میں بھی شائع ہو رہی ہے لیکن صنعتی شعبے اور یونیورسٹیوں کے مابین قریبی روابط نہ ہونے کی وجہ سے صنعتی شعبہ یونیورسٹیوں کی ریسرچ سے بہتر استفادہ حاصل نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں صنعتی شعبے کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے اور ان کی پیداواری صلاحیت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن میں بھی معاونت کر سکتی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے صنعتی شعبے اور یونیورسٹیوں کے درمیان پائیدار روابط کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اپنی ضرورت کی ریسرچ کو فروغ دینے میں یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کرے جس سے دونوں کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کے تحقیق و ترقی والے شعبوں پر زور دیا کہ وہ انڈسٹری کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر ریسرچ کرنے کی کوشش کریں تا کہ ان کی ریسرچ سے فائدہ حاصل کر کے انڈسٹری بہتر ترقی حاصل کر سکے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ مقامی صنعتیں اور یونیورسٹیاں اگر باہمی دلچسپی کے پانچ ریسرچ پراجیکٹس پر مل کر کام کریں تو ایچ ای سی ایسے پراجیکٹس کی فنڈنگ کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن چیمبر کے تعاون سے انڈسٹری یونیورسٹی روابط کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد نوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے انڈسٹری یونیورسٹی روابط کو فروغ دے کر بہتر اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لیکن پاکستان میں اس کا بہت فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نجی شعبے کے تعاون سے صنعتی شعبے اور یونیورسٹیوں کے درمیان پائیدار روابط کیلئے کوششیں تیز کرے تا کہ یونیورسٹیاں صنعتی شعبے کے مسائل حل کرنے اور ان کو اپنی پیداواری کارکردگی بہتر کرنے میں تعاون کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اپلائیڈ ریسرچ پر زیادہ توجہ دے جس سے صنعتی شعبے کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان مقاصدکے حصول کیلئے ایچ ای سی کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تا کہ صنعتی شعبہ اور یونیورسٹیاں مشترکہ کوششوں سے معیشت کو پائیدار اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالنے میں مثبت پیش رفت کر سکیں۔
اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف یونیورسٹیوں کے نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیااور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹیاں انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ آگے بڑھے اور اپنی ضرورت کے ریسرچ پراجیکٹس میں یونیورسٹیوں کے ساتھ پارٹرنشپ قائم کرے جس سے دونوں کیلئے فائدہ مند نتائج پیدا ہوں گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نثار مرزا، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، میاں شوکت مسعود، ذکریا اے ضیا، افتخار انور سیٹھی، محمود وڑائچ، توصیف زمان اور راشد ہمایوں سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور انڈسٹری یونیورسٹی روابط کو فروغ دینے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں