موجودہ حکومت نے خواتین کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔ مریم اورنگزیب

520

حکومت خواتین کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے۔ شیخ عامر وحید

اسلام آباد:th (4) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف ممالک کی خواتین سفراء، سفراء کی بیگمات، مقامی یونیورسٹیوں کی طالبات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا پچاس فیصد ہیں اور ان کو بہتر مواقع فراہم کئے بغیر معاشرہ بہتر ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے صرف ایک دن مخصوص کرنے کی بجائے ہمیں ہر روز خواتین کی ترقی ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خواتین کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے نئے قوانین بنائے گئے ہیں تاکہ خواتین بہتر تحفظ کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے anti-honor killingاور anti-rapeقانون پاس کیا تاکہ خواتین کو بہتر تحفظ ملے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بینظر انکم سپورٹ پروگرام اور وزیراعظم کی نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم کے تحت بھی معاشرے کی پسماندہ اور کمزور خواتین کی ترقی کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بھی خواتین کے تحفظ کیلئے ایک نیا قانون پاس کیا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے خواتین کے حقوق کا بہتر تحفظ کرنا ہے اور انکومعاشرے کا طاقتور طبقہ بنانا ہے تو اس کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کو اپنے گھر سے طاقتور بنایا جائے کیونکہ جب وہ اپنے گھر میں طاقتور محسوس کریں گی تو وہ معاشرے میں بہتر کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو انصاف فراہم کرنے اور بہتر مقام دینے کیلئے ہم سب نے مل کر کوششیں کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ پسماندہ اور کمزور طبقے کی خواتین کو طاقتور بنانے اور ان کے حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ خواتین و بچوں پر سیاست کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ رجحان معاشرے کیلئے بہتر نہیں ہے۔انہوں نے خواتین انٹرپرنیورز کی ترقی کیلئے چیمبرکے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت آئندہ بھی خواتین کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ کوئی بھی ملک خواتین کی ترقی کے بغیر بہتر اقتصادی ترقی حاصل نہیں کر سکتا لہذا خواتین کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ وہ ملک کی ترقی میں بہتر کرادا ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خواتین کو انٹرپنیورشپ کی طرف راغب کرنے کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے اور آئندہ بجٹ میں کاروبار کرنے کی خواہش مند خواتین کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کی کوشش کرے تا کہ خواتین اپنا کاروبار شروع کر کے نہ صرف خود خوشحالی حاصل کریں بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے نئے مواقع پید اکر کے ملک سے غربت و بے روزگاری کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے کیلئے حکومت پرکشش مائیکروفنانس سکیم کا اجراء کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں جلد ہی خواتین انٹرپنیورز کیلئے ایک بزنس گراؤتھ سنٹر قائم کیا جائے جو نیا کاروبار شروع کرنے والی اور موجودہ کاروبار کرنے والی خواتین کو کاروبار کے فروغ کی کوششوں میں ضروری تعاون فراہم کرے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب سمیت دیگر تمام مہمانوں کا خواتین کے عالمی دن کی تقریب میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔تیونس اور دیگر ممالک کے سفراء کی بیگمات نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے اپنے ملک میں خواتین کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی