“ہیروز لیڈرشپ لاؤنج” خواتین کوکاروباری رہنماؤں کے ساتھ براہِ راست روابط میں مدد فراہم کرے گا

331

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آنے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر “ہیروز لیڈرشپ لاؤنج” کا آغاز کردیا

کراچی: اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خواتین کے عالمی دن کے جشن کے موقع پر”ہیروز لیڈرشپ لاؤنج”کا آغاز کردیاہے ۔ اس بات کا اعلان مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں کیا گیا۔ “ہیروز لیڈرشپ لاؤ نج” ایک مشاورتی پلیٹ فارم ہے جو خواتین کو ان کے دفاتر اور کام کرنے کی جگہوں پر زیادہ با اختیار بنانے کی غرض سے آن لائن وسائل اور فعال مشاورت فراہم کرے گا۔ یہ لاؤ نج خواتین کو پاکستان کے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ براہِ راست روابط استوار کرنے اور ان کی ذاتی صلاحیتیں بڑھانے میں بھی مدد فراہم کرے گا

۔یہ پلیٹ فارم حکومت اور کاروباری اداروں کو صنفی تنوع اور خواتین کیلئے کام کی جگہوں پر آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ریسرچ اور کوششیں کرے گا۔ حکومت اور کاروباری شعبے کیلئے تحقیق کا کردار بھی فعال طور پر ادا کرے گا۔ ہیروز پلیٹ فارم دفاتر اور کام کی جگہوں پر خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کرنے کی او آئی سی سی آئی کی کوششوں کے نتیجے میں یونی لیور پاکستان کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔”ہیروز لیڈرشپ لاؤنج ” او آئی سی سی آئی کا اپنے ممبران کے ساتھ نومبر 2017میں کئے گئے اس عزم کا تسلسل ہے جس میں اس نے صنفی مساوات اور خواتین کو زیادہ با اختیار بنانے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے پر اپنی توجہ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھاتاکہ اعلیٰ سطح کی کارپوریٹ قیادت کیلئے خواتین کو تیار کیا جاسکے

۔اس موقع پر او آئی سی سی آئی کے صدر برونو اولیرہوئک نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ خواتین کی ترقی کیلئے نئے پہلوؤ ں پر کام کیا جارہا ہے اور ہمارے موجودہ پانچ اقدامات جوکہ خواتین دوست ماحول کے روڈ میپ میں شامل ہیں،میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ خواتین کی تربیت اور رہنمائی سے کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والی خواتین کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی اور وہ کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے کی خواہش رکھنے والی خواتین کیلئے رول ماڈل بن سکیں گی۔اس موقع پر او آئی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل عبدالعلیم نے کہا کہ 2017میں او آئی سی سی آئی اور اس کے ممبران نے پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر کی خواتین کو زیادہ با اختیار بنانے کا عزم کیا تھا۔ ہیروز لیڈرشپ لاؤنج زیادہ صنفی متوازن ماحول کی تعمیر کے ہمارے عزم کی تکمیل کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جوخواتین کوپاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں یکساں کردار ادا کرنے کا

موقع فراہم کرے گا۔اس موقع پر او آئی سی سی آئی کی نائب صدر شازیہ سید نے کہا کہ ہیروز لیڈرشپ لاؤنج پاکستان میں کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والی خواتین کی مشترکہ آواز ہے جوخواتین کو پیشہ ورانہ طور پر کامیاب کرنے کیلئے مشاورت اور حکومتی و کاروباری شعبوں میں افرادی قوت کے مابین صنفی مساوات کو یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ فراہم کرے گا۔ اس موقع پر سرکل پاکستان کی جانب سے ایک ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے خواتین کیلئے برابر کی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ورکشاپ نے ان بیسٹ پریکٹسز کو اجاگر کیا جس کے ذریعے کاروباری ادارے خواتین ورکرز کو ان اداروں میں نوکریاں جاری رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ ورکشاپ میں ان تمام اقدامات کو پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں پروموٹ کرنے پر بھی زوردیا گیا۔ ورکشاپ میں او آئی سی سی آئی کی ممبر کمپنیوں کی جانب سے تقریباً200افراد نے شرکت کی۔ او آئی سی سی آئی اپنے ممبران میں صنفی مساوات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ ان پالیسیوں کو سپورٹ کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے جن سے ملک میں کام کرنے والے مقامات پر صنفی مساوات کے فوائد حاصل کئے جاسکیں گے۔