نئی دہلی: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بم دھماکے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 10سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں بھارتی فوج کی ’بم پروف‘ گاڑی ایم پی وی کو بارودی سرنگ سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 9 فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
کستارام کے علاقے میں نیم فوجی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے ماؤ باغیوں کے خلاف آپریشن کیا جارہا تھا کہ اس دوران ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حکام نے واقعے کا الزام ماؤ باغیوں پر عائد کرتے ہوئےکہا ہےکہ حملہ آوروں نے ایک سے زائد بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ ہلاک شدہ تمام فوجیوں کا تعلق سی آر پی ایف کی 212ویں بٹالین سےہے۔
واقعے کے بعد حکومت نے ریاست چھتیس گڑھ میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا کے حلقوں میں بحث ہے کہ ہلاک اہلکار بم پروف گاڑی مائن پروٹیکٹڈ وہیل میں سوار تھے جو اس حملے میں کیسے تباہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ بھارت میں خالستان ،7 سسٹرز اسٹیٹ ، چھتیس گڑھ سمیت متعدد ریاستوں میں علیحدگی پسند کی تحریکیں چل رہی ہیں جس کے ددران ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔