سفارتکاروں کی حفاظت ،پاکستان کسی بھی حد تک جاسکتا ہے،دفتر خارجہ

1055

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہاہےکہ بھارت میں اپنے سفارتکاروں کی حفاظت کے لیے ہر تک جاسکتے ہیں بھارت اپنے عام انتخابات میں پاکستان کا نام ملوث کرنے کی کوشش نہ کرے ۔

تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کئے جانے کے واقعات تسلسل کے ساتھ ہو رہے ہیں، بھارت نے سفارتکاروں کے تحفظ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے بچوں کی گاڑی کو روکا گیا اور کوئی وجہ بتائے بغیر چالیس منٹ تک گاڑی کو روکے رکھا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے ملزمان کی تصاویر اور ویڈیو بھی فراہم کی ہے۔

دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اٹھاتے  ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور کئی کشمیری رہنما نظر بند ہیں، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اٹھایا ہے اور اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کو مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارت جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی ٹیم کو جانے نہیں دے رہا، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے کمشنر نے بھی بھارتی خلاف ورزیوں کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی سفارت کاروں کے ساتھ تشدد کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، اگر اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے تو ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان اپنے سفارتکاروں کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے  دفترخارجہ  نے کہا  بھارت اپنی مقامی سیاست اپنے ملک میں ہی کرے اور اپنےانتخابات میں پاکستان کو ملوثکی گھناؤنی کوشش نہ کرے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ  پاکستان جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں اور بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کا بھی کوئی مقابلہ نہیں،لیکن پاکستان خطے میں توازن کا حامی ہےاور ہتھیاروں کے حوالے سے عدم توازن خطے میں عدم استحکام کا باعث بنے گا۔