پاکستان میں اموات کی دوسری بڑی وجہ منہ کا سرطان (کینسر) ہے، ڈاکٹر عاطف حفیظ

855

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں اموات کی دوسری بڑی وجہ منہ کا سرطان (کینسر) ہے، منہ کی صحت، جسمانی صحت کی کنجی ہے، منہ کی مؤثر صفائی کے ذریعے خطرناک بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کاشف شازلی اور پیما خاتون ونگ کراچی کی سربراہ ڈاکٹر طیبہ اکرام نے ”منہ کی صحت کے عالمی دن“ کے موقع پر ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ منہ کی صحت، جسمانی صحت کی کنجی ہے، منہ کی مؤثر صفائی کے ذریعے خطرناک بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے، طبی ماہرین کی ذمے داری ہے کہ وہ عوام الناس کو منہ کی صحت و صفائی کے جدید اور آسان طریقوں سے روشناس کرائیں، خصوصاً والدین کو احساس دلایا جائے کہ وہ بچوں میں چھوٹی عمر سے ہی صحت بخش غذا کے استعمال اور برشنگ کی طرف رغبت پیدا کریں۔ ناک، کان اور حلق کے معروف سرجن اور پیما کراچی کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ اور ڈینٹل سرجن ڈاکٹر طیبہ اکرام کے مطابق پاکستان میں اموات کی دوسری بڑی وجہ منہ کا سرطان (کینسر) ہے، پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں پان چھالیہ اور سگریٹ نوشی کا استعمال دن بدن بڑھتا جا رہا ہے، شہر کی شاید ہی کوئی گلی ہو جہاں پان، سگریٹ اور چھالیہ فروخت نہ ہو رہے ہوں یہی وہ عوامل ہیں جو منہ کے کینسر کا باعث ہیں، کراچی کی آبادی لگ بھگ دو کروڑ سے زائد ہے جس میں سے بارہ فی صد افراد منہ کے سرطان (کینسر) کے مہلک مرض میں مبتلا ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، پان، چھالیہ اور تمباکو نوشی کو ترک کر دیا جائے تو منہ کے سرطان (کینسر) سے بچا جا سکتا ہے، پاکستان میں منہ کے سرطان کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، نوجوانوں میں پان چھالیہ، گٹکا اور تمباکو جیسی مضر صحت چیزوں کے خلاف آ گہی فراہم کرنے کے لیے تعلیمی اداروں اور ذرائع ابلاغ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔