شیخ رشید کو شکست دینے کیلیے ن لیگی دھڑے متحد، مشترکہ جدوجہد کا اعلان

123

مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی ہدایت پرسینیٹر چودھری تنویر کی حنیف عباسی سے ملاقات

راولپنڈی(ویب ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف مسلم لیگ (ن)کے ناراض دو دھڑوں کے درمیان صلح ہوگئی اور دونوں دھڑوں نے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطا بق مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی ہدایت پر سینیٹر چودھری تنویر سے حنیف عباسی نے ملاقات کی اس موقع پر راولپنڈی سے شیخ رشید کے خلاف انتخاب لڑنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماں کے درمیان ملاقات سابق لیگی ایم این اے طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پر ہوئی جس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ شیخ رشید کے خلاف دونوں دھڑے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ ملاقات کے دوران مسلم لیگ(ن)سے تعلق رکھنے والے میئر راولپنڈی سردار نسیم بھی شریک تھے۔ وا ضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 62سے کاغذات نامزدگی پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں۔سینیٹر چودھری تنویر احمد خان اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی قیادت میں مسلم لیگ( ن)راولپنڈی میں دو واضح دھڑوں میں تقسیم تھی اور مقامی قیادت کی باہمی چپقلش کی وجہ سے مرکزی قیادت بھی مخمصے کا شکار تھی۔