یورپی یونین کا مہاجرین کے تمام کیمپ بند کرنے کا فیصلہ

328

برسلز: یورپی یونین کے ممالک نے پناہ گزینوں سے متعلق نئے معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کر لیا ہے جس کے تحت پناہ گزین کیمپ بند کردیئے جائیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برسلز میں یورپی یونین کے سربراہان کا اجلاس ہوا جس میں رات بھر کے طویل مذاکرات کے بعد پناہ گزینوں کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جس کے تحت تارکین وطن کے کیمپوں کو بند کر کے عارضی کیمپ بنایا جائے گا جو مہاجرین کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کرکے اس کا فیصلہ کرے گا کہ کسے سرحد پار کرنے کی اجازت دی جاسکے گی اور کیسے واپس کردیا جائے گا۔

یورپی یونین کے درمیان یہ مفاہمتی عمل یورپی ممالک کی سرحدوں پر بڑھتے ہوئے تارکین وطن کی تعداد اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ طویل اجلاس کے دوران سربراہان نے سیکیورٹی رسک، مہاجرین کی آباد کاری اور ضروری سہولیات کی دستیابی کے امکانات پر بھی غور کیا۔

کامیاب اجلاس کے بعد یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ یورپی بلاک کے تمام اٹھائیس ارکان مہاجرین سمیت دیگر معاملات کے حل پر متفق ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب یورپی ممالک کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کے درمیان پناہ گزینوں سے متعلق معاہدے میں تو اتفاق رائے ہو گیا ہے تاہم  تارکین وطن کے حراستی کیمپوں سے متعلق ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔ علاوہ ازیں معاہدے سے پُر امید جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک پناہ گزینوں کی غیر قانونی اور بے قاعدہ ہجرت کا حل تلاش کرنے کے لیے آئندہ بھی مفاہمت سے کام کرتا رہے گا۔