متحدہ مجلس عمل نے الیکشن مہم کا اعلان کردیا

548

اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل نے الیکشن مہم کا اعلان کردیا ،13جولائی کو ملتان سے انتخابی مہم شروع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل نے 13جولائی کو ملتان میں جلسہ عام سے انتخابی مہم کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر جلسوں کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر ،جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے سینیٹر طلحہ محمود کی رہائش گاہ پر انتخابی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، لیاقت بلوچ ، اکرم درانی ، علامہ ساجد نقوی ، علامہ عارف علوی ، علامہ شاہ اویس نورانی بھی موجود تھے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم ایم اے پورے یکسوئی اور نئے عزم کے ساتھ الیکشن کے میدان میں اترے گی ۔

عوام دینی قوتوں سے یکجا ہو کر الیکشن میں اترنے کا کافی عرصے مطالبہ کر رہے تھے ،اس حوالے سے انتخابات منظم ارو متفقہ امیدواروں کے ساتھ ہوم ورک کی ضرورت تھی ، پورے ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے متفقہ امیدواروں کی لسٹ جاری کردی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ 13جولائی کو ملتان میں جلسہ عام کے ذریعے متحدہ مجلس عمل کے انتخابی جلسوں کا آغاز کیا جائے گا۔

 14جولائی کو راولپنڈی،15جولائی کراچی،21جولائی کو ایبٹ آباد اور ہزارہ مانسہرہ جبکہ 22جولائی کو مالاکنڈ میں قائدین قافلہ بن کر جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں قائدین تقسیم ہو کر ملک بھر کے حصوں اور حلقوں سے خطاب کرینگے ۔

ایم ایم اے نے مطالبہ کیا کہ الیکشن 25جولائی کو ہوں اور یہی آئین کا تقاضا ہے ، الیکشن صاف اور غیر جانبدار ہوں ، اس سلسلے میں نگران حکومت الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنائے ، ہم نہیں چاہتے کہ نتائج کے حوالے سے قوم میں بے چینی اور قومی سلامتی کیلئے خطرے کا سبب بنے ۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں ۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم ایم اے نے قومی اسمبلی کے 179،فاٹا کی 12نشستوں کو ملا کر191قومی اسمبلی کے امیدواروں کی لسٹ جاری کردی ہے جبکہ چاروں صوبوں کے 404صوبائی اراکین اسمبلی کیلئے بھی نامزدگیاں کردی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے 36خواتین نشستوں کا بھی اعلان کیا ہے ۔