میگا کرپشن کیس: مشتاق رئیسانی سے برآمد اثاثے صوبائی حکومت کے حوالے

500

کوئٹہ: نیب بلوچستان نے میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی سے برآمد کی گئیں ایک ارب 25کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کے قانونی دستاویزات صوبائی حکومت کے حوالے کردی ہیں۔

یاد رہے کہ مشتاق رئیسانی کو کرپشن کے الزام میں 6 مئی 2016 کو سول سیکریٹریٹ کوئٹہ میں ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد مشتاق رئیسانی کے گھر پر چھاپے کے دوران 73 کروڑ روپے کے نوٹ، 4 کروڑ روپے کا سونا، پرائز بانڈ، سیونگ سرٹیفکیٹس، ڈالر اور پاؤنڈز کی گڈیاں اور مختلف جائیدادوں کے کاغذات برآمد ہوئےتھے ۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے یہ دستاویزات اور چابیاں نیب ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری کے حوالے کیں۔

تقریب میں چیف سیکریٹری اختر نذیر، مختلف محکموں کے سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرل پولیس سمیت معززین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے مشتاق رئیسانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، یہ وہ دولت ہے جو چوری نہیں کی گئی بلکہ بلوچستان کے وسائل اور خزانے پر ڈاکا ڈالا گیا، اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔