نوازشریف اور مریم نواز کا طیارہ ابوظہبی سے لاہور روانہ

510

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز وطن واپسی کے لیے ابو ظہبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا نجی طیارے کی پرواز ای وائی 243 سے رات 8 بج کر 50 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کا امکان ہے جہاں دونوں کی گرفتاری کے لیے دو طیارے پہنچادیے گئے ہیں۔

احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کو پہلے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا جاچکا ہے۔

اس سے قبل رات گئے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی ابوظہبی پہنچے جن کی گرفتاری کے سلسلے میں نیب کی 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

ابوظہبی سے روانہ ہونے کے بعد دونوں کو شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنا تھا تاہم پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ مرتضیٰ جاوید عباسی اور حنا پرویز بٹ سمیت (ن) لیگ کے 40 رہنما سفر کررہے ہیں۔