مستونگ: درینگڑھ میں انتخابی مہم کے دوران دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے جب کہ زخمیوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ نے واقعے میں 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ انتخابی امیدوار سراج رئیسانی بھی شدید زخمی ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق سراج رئیسانی کو زخمی حالت میں علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، چھٹی پر موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کو واپس طلب کرلیا گیا ہے۔
نواب زادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ہیں اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن لڑرہے ہیں جب کہ وہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی ہیں۔
یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں بھی ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کی انتخابی مہم کو بھی نشانہ بنایا گیا اور جلسے کے بعد ان کے قافلے کے قریب دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔