انتہا پسند ڈونلڈ ٹرمپ کی اشتعال انگیزی کے سامنے یورپی رہنماؤں نے گھٹنے ٹیک دیئے،یورپ نے بھی جنگ کےلئے نیٹو کے فنڈز میں اضافے کا اعلان کردیا ہے،ادھر برسلز میں نیٹو کے خلاف سماجی تنظیموں نے مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والے نیٹو کے دو روزہ اجلاس کے آخری روز ٹرمپ نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک اپنے اپنے دفاعی اخراجات میں اضافے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
نیٹو سمٹ کے خاتمے پر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو امریکا کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ دو روزہ سمٹ کے بعد نیٹو زیادہ مضبوط اتحاد بن کر ابھرا ہے۔
میٹس کا کہنا تھا کہ سربراہ اجلاس کی کامیابی کا سہرا اتحادی ممالک کی متعارف کردہ اصلاحات کے سر جاتا ہے جو ان ممالک نے مشترکہ دفاع کے لیے کی ہیں۔
ادھر نیٹو کے اجلاس کے دوران سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا،جس میں شہریوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے،مظاہرین کا کہنا تھاکہ نیٹو کسی نئی جنگ کی تیاریاں کررہا ہے،جسکے لئے پیسے اکٹھے کئے جارہے ہیں اور یہ جنگ مزید مہلک ہوسکتی ہے،عالمی برادری نیٹو کی اس سازش کو نوٹس لے۔