سانحہ مستونگ: مسلم لیگ (ن) نے ایک روز کے لیے انتخابی سرگرمیاں معطل کردیں

395

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سانحہ مستونگ کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنی انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں سراج رئیسانی سمیت 131 افراد شہید اور 120 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

نگران وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں یوم سوگ منایا جارہا ہے اور اسی وجہ سے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے بھی سانحہ مستونگ کے سوگ میں انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ مستونگ پر قومی سوگ کے موقع پر مسلم لیگ نے ایک روز کے لیے انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے انعقاد میں 10 روز رہ گئے ہیں اور اس سے قبل انتخابی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے جب کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، نگران حکومت اور سیکیورٹی فورسز امیدواروں اور سیاسی میٹنگز کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے ذمہ دار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل شفاف، آزادانہ اور پر امن انتخابات سے جڑا ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف سانحہ مستونگ کے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے کوئٹہ روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز صوابی میں ہونے والے جلسہ عام میں انتخابی سرگرمیاں نہ روکنے کا اعلان کیا تھا۔