چمن: مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر چار سے پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے مطابق بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر زور دار دھماکے ہوا ہے اور اس کے بعد فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں جب کہ دھماکے سےمتعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پتا چلا ہےکہ دکان کے سامنے ایک موٹرسائیکل میں دھماکا ہوا ہے اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔
پولیس کےمطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 4 سے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ دھماکا اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی علاقے سے گزر رہی تھی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ اس سے قانون نافذ کرنے والے گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کاکہنا ہےکہ علاقے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے اور علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
دھماکے سے ایک گھنٹہ قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تین روز قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا جس کے باعث پولیس اور ایف سی کی نفری نے پیٹرولنگ بڑھا دی تھی۔