گورنر سندھ عمران اسماعیل چوتھی ڈاؤ ڈائس ہیلتھ انوویشن ایگزی بیشن 2018 کاافتتاح کرینگے۔

285

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل جمعہ 12اکتوبر کو ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام ہونے والی صحت سے متعلق سائنسی پروجیکٹس کی نمائش ڈائس ہیلتھ انوویشن ایگزی بیشن 2018 کا افتتاح کرینگے۔ یہ بات ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں ڈائس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس میں ڈی یو ایچ ایس ڈائس ہیلتھ کے چیئرپرسن اور پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد مسرور ، کو چیئر پرسن اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد ، ڈائریکٹر اورک اقتدار صدیقی اور مختلف کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایاگیاکہ گورنر ہاؤس سے آمد کی تصدیق کے بعد اس ضمن میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی، سیکیورٹی اینڈ پروٹوکول کمیٹی،لاجسٹکس کمیٹی، سی ایم ای کمیٹی، پروجیکٹ انوویویشن کوآرڈینیشن کمیٹی، میڈیا مارکیٹینگ کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیز نے اپنی رپورٹ پیش کی۔

جن پر اجلاس کے شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیااور امید ظاہر کی کہ دو روز جاری رہنے والی نمائش بہترین انتظامات کے ساتھ تکمیل کے مراحل طے کرے گی۔

12اور 13اکتوبر کو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی نمائش میں ملک بھر کی 35 سے زائد جامعات کے طلبا 150 سے زائد ریسرچ بیسڈ پرو جیکٹس نمائش کے لیے پیش کرینگے۔ اس نمائش میں مفت میڈیکل اور مفت ڈینٹل کیمپ کے علاوہ ورکشاپس اور سیمینارز بھی منعقد کئے جائینگے۔