طبی جامعات و کالجز میں داخلوں کے لیے کراچی سمیت سندھ کے پانچ شہروں میں این ٹی ایس ٹیسٹ آج ہو گا

321

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی طبی جامعات اور کالجز میں داخلوں کے لیے ٹیسٹ آج (اتوار) این ای ڈی یونی ورسٹی میں منعقد کیا جا رہا ہے، 25 ہزار کے قریب طلبہ و طالبات داخلہ ٹیسٹ دیں گے، ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے زیر انتظام لیا جا رہا ہے۔ این ٹی ایس کی جانب سے طلبہ کو پریشانی سے بچانے کے لیے ہفتے کو ایک ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس ڈیسک کے قیام کا مقصد طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ سمیت دیگر ممکنہ مسائل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ داخلہ امتحان کے حوالے سے قائم ”ہیلپ ڈیسک“ پر طلبہ طالبات کے غیر متوقع ہجوم کے باعث کچھ بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی۔ اس ضمن میں جب این ٹی ایس کے ریجنل ڈائریکٹر سید مسعود الحسن رضوی سے رابطہ کیا کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ این ٹی ایس کی جانب سے ہر سال داخلہ امتحان سے ایک دن قبل طلبہ و طالبات کو رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ”ہیلپ ڈیسک“ قائم کی جاتی ہے تاکہ عین امتحان کے دن انہیں کوئی پریشانی نہ ہو، ام سال بھی یہ ڈیسک قائم کی گئی تھی جس سے طلبہ کی ایک کثیر تعداد نے رجوع کیا۔ سید مسعود الحسن رضوی نے مزید بتایا کہ طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے کئی کئی افراد خانہ بھی ساتھ آ جاتے ہیں اور وہ بھی ان کے ساتھ لائن میں لگ جاتے ہیں، اس کے علاوہ اکثر لوگ لائن میں بھی نہیں لگتے اور شور مچاتے اور جلد بازی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تھوڑی بہت بدنظمی پیدا ہو جاتی ہے۔ سید مسعود الحسن رضوی کا کہنا تھا کہ جن طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ تا حال موصول نہیں ہو سکے ہیں ان کو این ٹی ایس کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ وہ ویب پر موجود فہرست میں سے اپنے نام اور رول نمبر کی نقل لے کر مرکز امتحان آجائیں اور ساتھ اپنی تصویری دستاویزت شناخت کے لیے رکھیں اس کے باوجود طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد ڈپلیکیٹ سلپ کا مطالبہ کرتی رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال محکمہ صحت سندھ کی جانب سے طبی جامعات اور کالجز میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور فارمیسی سال اول میں داخلہ امتحان کے لیے کسی ایک طبی جامعہ کا انتخاب کیا جاتا ہے اور اس سال یہ یہ ذمے داری جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی کو دی گئی ہے، سندھ بھر کی طبی جامعات و کالجز میں داخلے کے لیے قریباً 25 ہزار امیدوار امتحان میں شرکت کر رہے ہیں اور ان کے لیے کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ اور لاڑکانہ میں 5 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، کراچی میں 8500، حیدرآباد میں 7700، لاڑکانہ میں 3608، سکھر میں 3600 اور نواب شاہ میں 1600 امیدوار امتحان دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ این ٹی ایس نے امتحان کی شفافیت کو برقرار رکھنے اور حفاظتی اقدامات کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔