ایوب خان کے دور میں تعمیر قدیم ترین ”جے مارکیٹ“ جے ایریا کورنگی میں غیر قانونی بھینسوں کا باڑہ قائم

372

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جے ایریا کورنگی کی قدیم ترین جے مارکیٹ کی دکانوں کے راستے پر قبضے کے بعد غیر قانونی گائے بھینسوں کا باڑہ قائم، علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا، گائے بھینسوں کے گوبر وغیرہ کی گندگی سے بچوں اور بڑوں میں صحت کے مسائل پیدا ہونے لگے، علاقہ مکینوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کو درخواستیں دینے کے باوجود تا حال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ تفصیلات کے مطابق جے ایریا کورنگی (لانڈھی زون) میں ایوب خان کے دور میں قائم کی جانے والی ”جے مارکیٹ“ ایک طرف صفائی ستھرائی نہ ہونے اور متعلقہ بلدیاتی اداروں کی عدم توجہی کے باعث خستہ حالی کا شکار ہے تو دوسری جانب قبضہ مافیا نے مارکیٹ کی دکانوں کے راستے پر قبضہ کر کے وہاں گائے بھینسوں کا باڑہ قائم کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے وہاں ہروقت گائے بھینسوں کے پیشاب اور گوبر کی وجہ سے گندگی پھیلی رہتی ہے اور بدبو کی وجہ سے علاقہ مکینوں کا رہنا محال ہو گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس بدبو اور گندگی کی وجہ سے ہمارے بچے بیمار ہو رہے ہیں اور ان میں سانس کے امراض پیدا ہو رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر ضلع کو رنگی اور متعلقہ حکام کو متعدد پر شکایات درج کرانے اور درخواستیں دینے کے باوجود تا حال اس بھینس مافیا کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلے اپنے طور پر ان افراد سے بات کی کہ وہ رہائشی علاقے میں بھینسوں کا باڑہ قائم نہ کریں تاہم ان کے نہ ماننے پر 30 اگست 2018ءاور 15 فروری 2019ءکو اس بھینس مافیا کے خلاف ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کو درخواستیں جمع کرائی تھیں کہ بھینس مافیا کے ثناءاللہ، ایاز انصاری اور دیگر نامعلوم افراد نے مارکیٹ کی دکانوں کے راستے پر قبضہ کر کے وہاں گائے بھینسوں کا باڑہ قائم کر لیا ہے جو غیر قانونی ہے۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کے مطابق یہ تمام حضرات علاقے میں غیر قانونی و غیر اخلاقی افعال کے حامل ہیں اور خود کو قانون سے بالا تر تصور کرتے ہیں، ان کے بھینسوں کے باڑے کے باعث پریشانیوں کا شکار ہیں، ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو صحت کے مسائل اور دیگر پریشانیوں سے نجات مل سکے۔ علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ بلدیاتی ادارے اس قدیم ترین مارکیٹ پر اپنی توجہ مبذول کرتے ہوئے اسے خستہ حالی سے نجات دلائیں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں تاکہ یہ مارکیٹ بحال ہو سکے۔