دنیا کا سب سے چھوٹا بچہ اسپتال سے گھر منتقل

336

جاپان میں صرف 268 گرام وزن کے ساتھ پیدا ہونے والے بچے کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔گذشتہ سال اگست میں پیدا ہونے والے اس بچے کو کم وزن ہونے کے باعث اسپتال میں ہی رکھا گیا تھا تاہم اُس کا وزن 3 ہزار 238 گرام (تقریباً سوا تین کلو) ہونے کے بعد نو مہینے بعد اسے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

ٹوکیو میں کیو یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے چھوٹا بچہ ہے جسے صحت مند حالت میں اسپتال سے گھر بھیجا گیا ہے۔ کیو اسپتال کے مطابق یہ بچہ دنیا کے سب سے چھوٹا زندہ رہ جانے والا بچہ ہے۔ بچے کو پیدائش کے بعد خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا تھا۔

 ٹوکیوسے تعلق رکھنے والا یہ بچہ پیدائش کے وقت اس قدر چھوٹا تھا کہ دونوں ہاتھوں سما سکتا تھا۔ بچے کی ماں کا کہنا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ بچہ اتنا بڑا ہو گیا ہے، مجھے یقین نہیں تھا کہ یہ زندہ بھی رہ سکے گا۔

 واضح رہے کہ اس سے قبل جرمنی میں 2009ء میں 274 گرام وزن کے ساتھ پیدا ہونے والا بچہ دنیا کا سب سے چھوٹا بچہ جبکہ2015ء میں 252 گرام وزن کی حامل بچی دنیا کی سب سے چھوٹی لڑکی شمار کی جاتی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 23 بچے ایسے ہیں جو 300 گرام سے کم وزن کے ساتھ پیدا ہوئے اور زندہ بچ گئے، ان میں صرف 4لڑکے ہیں۔