حکومت نے آئی ایم ایف کے دباو پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا

285

کراچی (رپورٹ مسعود انور) حکومت نے آئی ایم ایف کے دباو پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس

(VAT) لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان آئندہ بجٹ کے موقع پر کیا جائے گا ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعلیٰ سطح کے ذرائع کے مطابق ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا اصولی طور پر فیصلہ کرلیا گیا ہے تاہم اس کی شرح پر آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے۔ آئی ایم ایف کا اصرار ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح 12 فیصد رکھی جائے اور جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 15 فیصد کردی جائے تاہم حکومت پاکستان ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح 12 فیصد رکھنے پر متذبذب ہے ۔ اگر 12 فیصد کے حساب سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگایا گیا تو ملک میں مہنگائی کاایک نیا طوفان برپا ہوجائے گا ۔ دیکھنے میں چند اشیائے خورو نوش کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئے گی جس پر سرکاری بنچ کے لوگ واہ واہ کریں گے تاہم بقیہ دیگر اشیاءکی قیمتیں کئی گنا بڑھ جائیں گی جس کے اثرات ہر شعبہ زندگی پر پڑیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط روز بہ روز سخت ہوتی جارہی ہیں جس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ بھی شامل ہے جو ملک کی معیشت کے لیے آخری تنکا ثابت ہوگا ۔