سامسنگ گیلیکسی ایس 10 ای بمقابلہ آئی فون ایکس آر : کونسا فون کس لحاظ سے بہتر؟

756
ایپل اور سامسنگ کمپنی کی جانب سے مہنگے اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر آئی فون ایکس آر اور گلیکسی ایس 10 ای متعارف کرایا گیا تھا۔ دونوں کمپنیوں کا دعویٰ تھا کم قیمت کے باوجود یہ فون خصوصیات اور پرفارمنس میں کسی ہائی اینڈ فون کے برابر ہی ہیں۔ ذیل میں دونوں اسمارٹ فونز کی خصوصیات کا موازنہ کرکے اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کونسا فون کس لحاظ سے زیادہ بہتر ہے۔
  • ڈسپلے اور ڈیزائن :
آئی فون ایکس آر میں 6.1 انچ ایل سی ڈی ڈسپلے جبکہ گیلکسی ایس 10 ای میں 5.8 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔ ایپل کمپنی نے ایکس سیریز کے اس اسمارٹ فون کو سیریز کے دیگر اسمارٹ فونز کی نسبت زیادہ بھاری اور بڑا بنایا ہے دوسری جانب گیلکسی ایس 10 ای سامسنگ کی ایس 10 سیریز کے دیگر اسمارٹ فونز کی نسبت سب سے چھوٹا ہے۔ ایکس آر کے ڈسپلے میں نوچ شامل کیا گیا ہے جبکہ گیلیکسی ایس 10 ای کا ڈیزائن ہول پنچ کے ساتھ زیادہ فیشن ایبل محسوس ہوتا ہے۔دونوں اسمارٹ فون واٹر اور ڈسٹ ریزسٹنٹ ہیں۔
  • پرفارمنس و پروسیسر :
ایپل کی اے 12 بائیونک چپ کے ساتھ آئی فون ایکس آر بہترین پرفارمنس کا حامل فون ہے ۔ گیلکسی ایس نائن میں ایکسینوس 9820 چپ سیٹ اور بہترین کالکوم اسنیپ ڈریگن 855 پروسیسر دیا گیا ہے اور اس کی سی پی یو پرفارمنس بھی کافی بہتر ہے۔ دونوں اسمارٹ فونز کے روزانہ استعمال کا جائزہ لیا جائے تو آئی فون کہیں کہیں سلو پڑتا نظر آتا ہے جس کی بڑی وجہ آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز میں اینیمیشنز کا ہونا ہے۔ گلیکسی ایس 10 ای میں میموری مینجمنٹ کا مسئلہ نظر آتا ہے۔
آئی فون ایکس آر کا جیک بینچ سنگل کور اسکور 4818 اور ملٹی کور اسکور 11437 جبکہ سامسنگ گیلیکسی ایس 10 ای کا سنگل کور اسکور 4518 اور ملٹی کور اسکور 10081 ہے۔
  •  کیمرہ ، ویڈیو ریکارڈنگ :
آئی فون ایکس آر میں بیک پر 12 میگا پکسل کا سنگل کیمرہ جبکہ سام سنگ کے فون میں بیک پر 12 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل اور 16 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرہ شامل ہے۔ آئی فون کا فرنٹ کیمرہ 7 میگا پکسل جبکہ گیلکسی فون کا 10 میگا پکسل کا ہے۔ آئی فون سے لی گئی تصویر زیادہ نیچرل اور شارپ محسوس ہوتی ہے جبکہ سامسنگ گیلکسی فون سے لی گئی تصویر سافٹ ٹچ دیتی ہے۔
آئی فون ایکس آر کی ویڈیو ریکارڈنگ زیادہ بہتر ہے اور یہ فون 24 ، 30 اور 60 فریم فی سیکنڈ کے حساب سے مکمل ڈیٹیل اور بہترین کلر سپورٹ کے ساتھ ویڈیو ریکارڈ کر سکتا ہے۔ گلیکسی فون سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں ہائی لائٹ آئی فون کا مقابلہ نہیں کر سکتیں اور ویڈیو بھی کچھ سافٹ معلوم ہوتی ہے۔
  • فنگرپرنٹ ٹیکنالوجی بمقابلہ فیس آئی ڈی :
سامسنگ کمپنی نے اپنے اسمارٹ فون میں فنگر پرنٹ سنسر کو شامل کیا ہے جو کہ پرفارمنس کے لحاظ سے تیز اور قابل اعتماد ہے جبکہ ایپل کے آئی فون ایکس آر میں فیس آئی ڈی ٹیکنالوجی کو ہی سیکیورٹی کے لیے شامل کیا ہے۔
  • بیٹری اور چارجنگ ٹائم :
آئی فون ایکس آر کی بیٹری 2942 ایم اے ایچ کی ہے ۔ فون کا تھری جی ٹاک ٹائم 15 گھنٹے ، ویب براؤزنگ 13 گھنٹے اور ویڈیو پلے بیک ٹائم پندرہ گھنٹے سے زائد ہے ۔ گیلیکسی ایس 10 ای کی بیٹری 3100 ملی ایمپئیر آورز کی ہے اور اسکا تھری جی ٹاک ٹائم 20 گھنٹے ، ویب براؤزنگ ٹائم 11 گھنٹے اور ویڈیو پلے بیک ٹائم 15 گھنٹے سے زائد ہے۔
گیلکسی فون میں فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی دی گئی ہے۔ گیلکسی ایس 10 ای کو مکمل چارج ہونے میں تقریبا ایک گھنٹہ 15منٹ جبکہ آئی فون کو چارج ہونے میں دو گھنٹے لگتے ہیں  ۔
دونوں اسمارٹ فونز کو 6 رنگوں میں متعارف کرایا گیا ہے ۔ آئی فون کے تمام رنگوں کے ماڈل مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہیں جبکہ سام سنگ نے مخصوص مارکیٹ میں مخصوص رنگوں کو ہی پیش کیا ہے۔ دونوں اسمارٹ فونز کی ابتدائی قیمت 775 ڈالر ہے۔