پشاور (صباح نیوز) پشاور کی مقامی عدالت نے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت میں دونوں جانب کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالماجدکی عدالت میں عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل نے دلائل دیے کہ بی بی فوزیہ کے خلاف شوکاز نوٹس اور فیصلہ کمیٹی نے دیا‘ بی بی فوزیہ نے کمیٹی کے کسی ممبر کو کیس میں فریق نہیں بنایا جس پر بی بی فوزیہ کے وکیل نے دلائل دیے کہ شوکاز نوٹس سے پہلے پریس کانفرنس کرکے ان کی رکنیت ختم کی گئی اور اب تک تاخیری حربے استعمال کیے گئے‘ کیس کا فیصلہ سنانے میں اب تاخیر نہ کی جائے۔ دونوں جانب سے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سابق ایم پی اے بی بی فوزیہ پر سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کا الزام عاید کیا تھا جس کے خلاف سابق ایم پی اے نے عمران خان پر 50 کروڑ روپے ہرجانہ کیس دائر کر رکھا ہے۔
ہرجانہ کیس