ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) ہنگورجہ تھانے کی حدود میں بدامنی عروج پر، لوٹ ماراور نقب زئی کے واقعات، لاکھوں روپے کی مالیت کا سامان چوری، پولیس بدامنی پر قابو پانے میں ناکام۔ ہنگورجہ تھانے کی حدود میں سورج غروب ہوتے ہی لوٹ مار کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں، نامعلوم چور ہنگورجہ تھانے کی نرسری پولیس پکٹ کے سامنے قائم سگریٹ کے کیبن کا تالا توڑ کر نقد رقم، سگریٹ اور جوس چوری کرکے فرار ہوگئے۔ رسول آباد کے گائوں سموں چنو میں نامعلوم چور اعجاز چنا کے گھر میں نقب زئی کرکے سات تولے طلاعی زیورات، دو لاکھ پچاس ہزار روپے نقد اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ خیرپور جنرل پوسٹ آفس کے سامنے ہنگورجہ کے رہائشی فیاض سولنگی کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار۔ علی ڈنو سہتو کے گھر نامعلوم چور نقب زئی کرکے نقد رقم اور گھریلو سامان چوری کرکے فرار۔ رسول آباد میں نامعلوم چور اسکارپ کے ٹیوب ویل کا قیمتی سامان نکال کر کے فرار ہوگئے، جبکہ کئی دنوں سے ہنگورجہ تھانے کی حدود میں بدامنی عروج پر ہے، جس پر پولیس کنٹرول کرنے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، تاحال کوئی بھی مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔ دوسری جانب ہنگورجہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کیخلاف مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے بدامنی کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔