طورخم بارڈر کو24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ تجارت کو آسان بناناہے ‘محمود خان

68

ُُُُُپشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بارڈر کو24 گھنٹوںکے لیے کھولنے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ طور خم بارڈر کو 24گھنٹے کھولنے کے حوالے سے ایف آئی اے ، کسٹم اور تمام متعلقہ ادارے آن بورڈ ہیں،یہ قومی مفاد کا اقدام ہے جو ہماری اجتماعی کاوشوں کا متقاضی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت نے اس مقصد کے لیے 79 ملین روپے جاری کر دیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ہی بارڈر کو چوبیس گھنٹوں کے لیے کھول دیا جائیگا، جس کے لیے بیشتر انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے زیادہ آمد و رفت والے اوقات (Peak Hours) کے دوران مؤثر اقدامات کرنے اور ضرورت کو مدنظر رکھ کروسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کاؤنٹرز پر صفائی اور پانی کے مناسب بندوبست کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کاؤنٹرز پر تعینات ا سٹاف کو پیشہ وارانہ خدمات میں بہتری لانے کی بھی ہدایت کی، اور کہا کہ اس عمل سے نہ صرف مثبت پیغام جائیگابلکہ دونوں ممالک کے مابین اعتماد کو بھی فروغ ملے گا۔ محمود خان نے کہا کہ طورخم بارڈر کو 24گھنٹے کھولنے کے فیصلے کا مقصد تجارت کو آسان بنانا اور تیز تر فروغ دینا ہے، اس اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے صوبائی حکومت کے غیر معمولی تعاون کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے مینڈیٹ سے بڑھ کر سہولت فراہم کی ہے جوخوش آئند ہے ۔
محمود خان