خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں یاد رکھیں گے، اسفند یار ولی

130

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے یوم شہدا پر پولیس کے تاریخی کردار پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف تاریخی اور حقیقی قربانیاں دی ہیں جنہیں یاد رکھا جائے گا، جب ہر طرف خون کی ہولی کھیلی جارہی تھی اور صوبے میں طالبان یا شدت پسندوں کے نام پر مساوی حکومت قائم کی جارہی تھی، ایسے حالات
میں پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس مٹی کو شدت پسندوں سے نجات دلائی۔ اس کھٹن راستے پر ہزاروں جانیں قربان کی گئیں اور امن کی خاطر پولیس افسران اور جانباز سپاہیوں کے ساتھ ساتھ عوام نے قربانیاں دیں اور انہی قربانیوں کے نتیجے میں امن ایک بار پھر لوٹ آیا۔ اسفند یار ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اے این پی سمیت دیگر امن پسند قوتوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں لیکن بدقسمتی سے اس وقت ملک میں ایسی حکومت قائم کردی گئی ہے جنہوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بجائے عارضی جنگ بندی کی ہے۔ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20 نکات پر من و عن عملدرآمدکیا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں دہشت گردی کا قلع قمع کیا جاسکے۔
اسفند یار ولی