پشاور (خصوصی رپورٹ) شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کی فطری لیڈر ہیں جو امن و استحکام اور قومی تعمیر نو میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں‘ ملکی فیصلوں میں خواتین کی شمولیت کو یقینی
بنایا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیغام پاکستان اور دختران پاکستان بیانیہ کے زیراہتمام خواتین کے امن و استحکام کے بارے میں کردار کے موضوع پر منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی خواتین محروم اور کمزور طبقات میں شامل ہیں اس لیے ضروری ہے کہ خواتین کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کا سدباب کیا جائے۔ سیمینار میں فیکلٹی ممبران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے کہا کہ ہمارے معاشرتی تنازعات اور بحرانوں نے پاکستان کی خواتین اور نوجوان طالبات کے معاشی حالات کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے‘ اس لیے ضروری ہے کہ ملک میں امن و سلامتی سے متعلق فیصلوں میں خواتین کی عملی طور پر شمولیت کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے جس کے لییسماجی اور سیاسی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن و استحکام کے عمل میں خواتین کی شمولیت کی راہ ہموار ہوسکے۔
ڈاکٹر رضیہ سلطانہ