پشاور(اے پی پی)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں ثابت کیا کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیڈرہیں، پوری قوم عمران خان کے خطاب پران کو سلام پیش کرتی ہے جس طرح انہوں نے مسئلہ کشمیر اور اسلام پر بات کی جنرل اسمبلی کی تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی، وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کو بتا دیا کہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ اسلام امن کا دین ہے، وزیر اعظم عمران خان نے مودی کا اصل چہرہ دنیا کو دکھایا کہ وہ آر ایس ایس کے پیروکار ہیں جو مسلمان اور عیسائیوں سے نفرت کرتے ہیں مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، امریکی صدر نے 10 بار یہ کہا کہ عمران خان عظیم لیڈر ہیں۔ وہ قیوم ا سپورٹس کمپلیکس پشاور میں دوسرے رائٹ ٹو انفارمیشن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی تقریر کے بعد عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے،مولانا فضل الرحمان کرسی اور اسلام آباد میں گھر کے حصول کیلیے احتجاج اور مذہب کارڈ استعمال کر رہے ہیں وہ احتجاج کیلیے کبھی پی پی پی اور کبھی پی ایم ایل(ن) سے بھیک مانگ رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان مدرسوں کے طالب علم کو سڑکوں پر نہ لائے کیوںکہ مدرسوں کے طالب علم بھی ہمارے بچے ہیں اس پر سیاست نہ کریں۔
شوکت یوسفزئی