جامعات میں قابلیت اور مالی نظام پر سمجھوتا نہیں کرونگا، گورنر پختونخوا

30

پشاور (اے پی پی)گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ صوبے کی اعلیٰ جامعات میں میرٹ اور فنانشل ڈسپلن پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کروں گا، جامعات میں موجود مافیا سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور یونیورسٹی کیلیے فنڈ ریزنگ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اور بحیثیت چانسلر اپنی جانب سے بھی پشاور یونیورسٹی کیلیے 5 لاکھ روپے کا عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب میں پشاور یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جوہر نے گورنر خیبر پختونخوا کو مختلف ادوار میں معاشرے کے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات کی جانب سے یونیورسٹی فنڈ میں مالی حصہ ڈالنے والوں سے متعلق تفصیلات بھی بتائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کا کام معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ نوجوانوں کی بہتر تربیت کرنا ہے۔ آج کا دور مقابلے کا دور ہے، تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت نہایت ضروری ہے کیونکہ کتابوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی عملی زندگی سے طلبا کو زیادہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور یونیورسٹی صوبے کی ایک بہترین درسگاہ ہے جہاں سے فار غ التحصیل طلبہ نہ صرف صوبے بلکہ ملک بھر میں بہترین عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔