بھارت نے پاکستان میں آئی ہندوستانی ٹیم سے لاتعلقی ظاہر کردی

312

کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کیلئے ہندوستانی ٹیم واہگہ بارڈر کے راستے  لاہور پہنچ گئی جبکہ بھارتی حکام نے ٹیم سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں شرک کیلئے کسی بھی ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی۔ بھارت سے آئی یہ ٹیم کونسی ہے، ہمیں نہیں پتہ۔

انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے سربراہ نریندر بترا نے کہا کہ انہیں ان کھلاڑیوں کے بارے میں کچھ  نہیں پتہ جو کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کیلئے پاکستان پہنچے ہیں  کیونکہ نہ تو آئی او اے اور نہ ہی امیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے کسی ٹیم کو منظوری دی.

واضح رہے کہ پاکستان پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ آٹھ دن تک جاری رہے گا جو لاہور، فیصل آباد ، کرتار پور اور ننکانہ صاحب میں کھیلے جائیں گے۔ کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت کے علاوہ ایران، کینیڈا، آسٹریلیا، امریکہ، سیرا لیون اور کینیا کی ٹیمیں بھی کھیلیں گی۔