لاہوری نمک

836

یہ نمک جسے سیندھا نمک بھی کہاجاتاہے ،پوری دنیا میں مشہور ہے ۔پاکستان میں کھیوڑہ کے مقام پر اس کی کانیں ہیں جہاں سے اسے نکال کر پوری دنیا میں بھیجا جاتاہے۔ مغربی دنیا میں اسے ہمالیئن اور پنک سالٹ بھی کہا جاتا ہے ۔آپ نے گلابی رنگ کے بڑے بڑے ٹکڑے دیکھے ہوں گے۔انہیں تراش کر آرائشی اشیاء بھی بنائی جاتی ہیں۔مثلاً ٹیبل لیمپ، ایش ٹریز اور دوسری اشیاء۔ ذائی فوائد
لاہوری نمک عام آئیوڈائزنمک کی طرح تیکھایا تیز نہیں ہوتا اس لئے ہمارے کھانوں میں اس کی مطلوبہ مقدار شامل کر لی جائے تب بھی ذائقے میں تبدیلی کا تاثر نہیں ملتا۔کسی قسم کی تیزی نہ ہونے کی وجہ سے اکثر کھانے پھیکے محسوس ہوتے ہیں ۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ نمک کوئی بھی ہو اس کی کم مقدار ہی استعمال کرنا درست فیصلہ ہوتاہے ۔
اس لئے لاہوری نمک کے مخصوص ذائقے کو اپنا نا ضروری ہے کیونکہ یہ بدہضمی دور کرتاہے۔ اپھارے کے مریضوں کے لئے بھی یہ تریاق ہے۔اطباء کہتے ہیں کھانا ہضم نہ ہونے کی صورت میں نمک لاہوری ،بڑی الائچی،خشک پودینہ کی پتیاں ،اجوائن دیسی،کالی مرچ تمام اشیاء ہم وزن لے کر باریک پیس لیں اور اسے ایک گلاس پانی کے برابر حل کرکے ابال لیں۔جب پانی نصف رہ جائے تو چھان کر نیم گرم حالت میں پی لینے سے بد ہضمی اور اپھارہ دور ہو جاتاہے۔
پائیوریا اور دانت کے درد
نمک لاہوری پیس کر کپڑے میں چھان لیا جائے اور چار حصے سرسوں کے تیل میں ملا کر انگلی سے منجن کی طرح استعمال کرنے سے آرام آجاتاہے اور مسوڑھوں کی تکالیف دور ہوتی ہیں۔
تبخیر معدہ اور ریاح
ایک گلاس گنے کے رس میں لیموں نچوڑ لیں اور نمک لاہوری ملا کر پینے سے آرام آتاہے۔
بد ہضمی
سونٹھ ،کالی مرچ ،ست پودینہ اور نمک لاہوری ہم وزن لے کر باریک پیس لیں۔یہ پاؤڈر 5گرام چھاچھ میں ملا کر پینے سے بھی بدہضمی دور ہو جاتی ہے ۔ادرک کا رس،لیموں کا رس اور نمک لاہوری ایک ساتھ استعمال کرنے سے بھی بدہضمی میں آرام آتاہے۔
دائمی قبض
صبح نہار منہ ایک گلاس پانی میں ایک عدد لیموں کا رس اور ایک گرام نمک لاہوری ملا کر پینے سے چند دن قبض دور ہوجاتاہے۔علاوہ ازیں اس نمک سے پیچش ،قے،معدے کی جلن،بھگندر کے زخم اور زکام میں بھی فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔