ممکنہ لاک ڈاؤن کی طرف معاملہ جاسکتا ہے، گورنر سندھ

293

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبے میں ممکنہ لاک ڈاؤن کی طرف معاملہ جاسکتا ہے، سندھ حکومت کے اقدامات کو سنجیدہ نہیں لیا گیا،کل اتوار تک اس سے متعلق فیصلہ کرلیا جائے گا۔

صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام معاملے کو سنجیدہ لیتی تو سخت فیصلے نہ کرنے پڑتے، لوگوں سے باربار اپیل کی جا رہی ہے کہ گھروں میں رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کہا گیا ہم پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں، کمیٹی کے قیام پر گفتگو چل رہی ہے، اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا کا شکار شخص 2 سے 3 لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ سندھ پر منحصر ہے وہ کس قسم کا لاک ڈاوَن کرنا چاہتے ہیں، ایسی صورتحال میں قانون نافذ ادارے کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوَن سے متعلق اسٹریٹجی بنا رہے ہیں،ایسی صورتحال میں میڈیا پرسنز،طبی عملے اور فیکٹری ملازمین کو چھوٹ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوَن کے دوران کریانہ اسٹور اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے، کوشش کی جائے گی لوگوں کو کم سے کم مشکل ہو، اس کے دوران ایک گھر سے ایک آدمی کو باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔