وزیراعلیٰ سندھ کا صوبے کے تمام اخراجات کنٹرول کرنے کا فیصلہ

416

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے بھر کے تمام اخراجات کنٹرول کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے مطابق تنخواہوں اور پینشن کے علاوہ تمام ادائیگیاں روکنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال میں بڑا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے متعلقہ محکمے کو ہدایت کردی ہے۔

مراد علی شاہ نے سندھ لاک ڈاؤن جیسے بڑے فیصلے کے بعد صوبے کے تمام اخراجات کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے تنخواہ اور پنشن کی علاوہ تمام ادائیگیاں روکنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے کورونا سے درپیش صورتحال میں ریٹائرڈ ملازمین کو جلد پنشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے محکمہ فنانس کو 25 مارچ سے پنشن دینے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے موجودہ صورتحال میں لوگوں کو گھروں تک راشن پہنچانے کا منصوبہ بنایا تھا، اب فیصلہ ہوا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ضرورت مندوں کو نقد رقم منتقل کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت آج ایک نمبر جاری کرے گی، ضرورت مند افراد اس نمبر پر رابطہ کریں، ایک فیملی سے ایک فرد کو رجسٹر کرانا ہوگا۔