پی سی بی کی دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو بریفنگ

378

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بریفنگ دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کھلاڑیوں کو بریف کیا، ڈاکٹر سہیل سلیم اور مصباح الحق  نے بھی بریفنگ میں شرکت کی،کھلاڑیوں کو پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان ٹیلی کانفرنس کے تناظر میں بریف کیا گیا۔

وسیم خان نے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیتےہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ریڈ اور وائٹ بال کے 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ لے کر جانے کا منصوبہ ہے،25 کھلاڑی جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانہ ہوں گے، جو دورے کے اختتام تک وہاں موجود رہیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈلائنز کے مطابق جون کے اوائل میں لاہور میں ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہے، ڈاکٹر سہیل سلیم، مصباح الحق اور وقار یونس حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ سیشنز ترتیب دیں گے،پی سی بی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بورڈ کے ساتھ مزید بات چیت کے حوالے سے بھی آگاہ کرتا رہے گا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی  کا مزید کہنا تھا کہ بظاہر آئندہ 3 ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا، کھلاڑیوں کے پاس دورے سے دستبرداری کی آپشن موجود ہوگی، حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کھلاڑیوں کو مزید تفصیلات آئندہ چند ہفتوں میں فراہم کردی جائیں گی۔

ذاکر خان نے مزید کہا کہ ان غیرمعمولی حالات میں کھلاڑیوں کی لاہور میں ٹریننگ کے حوالے سے ہر طرح کے انتظامات کرنے کے لیے تیار ہیں،پی سی بی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی فیملی کے ہمراہ انشورنس کو یقینی بنایا ہے۔