سرفرز بگٹی کے قافلے سمیت حادثات میں 27افراد ہلاک‘61زخمی

147

خانیوال ‘کالاشاہ کاکو ‘نوشکی ‘لورالائی(خبر ایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک)خانیوال ‘ کالاشاہ کاکو ‘ نوشکی اور لورالائی میں ٹریفک حادثات میں24افراد ہلاک‘61 زخمی ہوگئے۔خانیوال میں بے قابو بس الٹنے سے9 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے،زخمیوں اور لاشوں کواسپتال منتقل کیاگیا ،حادثے میں6ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا،تیز رفتار مسافر بس لاہور سے ملتان جا رہی تھی کہ خانیوال رانگو پل کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے بس کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خانیوال بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ادھر کالا شاہ کاکو میں بھی ٹریفک حادثہ آیا ہے۔ لاہورسیالکوٹ موٹروے پر باراتیوں سے بھری وین الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے اور 3خواتین شامل ہیں ۔ متاثرہ فیملی کالا خطائی سے بارات لے کر فاروق آباد جا رہی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ادھر نوشکی میں بھی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کار اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق یہ حادثہ قومی شاہراہ پر جنگلات کے قریب حادثہ ہوا۔کوئٹہ سے خاران جانے والی کار اور پک اپ میں ٹکر ہوئی جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں سمیت 5افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا۔ جاں بحق 3 افراد کا تعلق خاران جبکہ 2کا کوئٹہ سے ہے۔علاوہ ازیںسینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ، 5 گن مین جاں بحق،یہ افسوسناک حادثہ ضلع لورالائی میں میختر کے قریب پیش آیا۔ گاڑی ٹرک سے جا ٹکرانے سے 5 گن میں جاں بحق ہوگئے تاہم سینیٹر میر سرفراز بگٹی حادثے میں محفوظ رہے۔اے سی لورالائی کے مطابق سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل گن مینوں کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کے ساتھ جا ٹکرائی ۔ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے 5 گن مین جاں بحق ہو گئے ۔حادثہ میختر کے قریب وہار کے علاقے میں پیش آیا۔ سینیٹر سرفراز بگٹی دوسری گاڑی میں سوار تھے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 گن مینوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ذرائع کے مطابق سرفراز بگٹی ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ آ رہے تھے ۔