جعلی ڈومیسائل پر سرکاری بھرتیاں کراچی دشمن اقدام ہے،حافظ نعیم الرحمن

355

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کی جانب سے 36ہزار افراد کو جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوکریاں دینے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جعلی ڈومیسائل پر اداروں میں بھرتیاں کر کے کراچی کے شہریوں کا حق مارا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ میں کوٹہ سسٹم تو پہلے ہی غیر منصفانہ ہے اور حکومت سندھ اس بات کی پابند ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں کراچی،حیدرآباد اور سکھر کے رہائشیوں کو 40فیصد ملازمتیں دی جائیں اور باقی 60فیصد صوبہ سندھ کے باقی شہروں کے لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں لیکن اس پر بھی منصفانہ طور پر عمل نہیں کیا جارہا۔

انہوں نےکہاکہ سندھ حکومت من پسند افراد کو کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے ڈومیسائل بنواکرغیر قانونی طور پر ملازمتیں دی جارہی ہیں،اس متعصبانہ اقدام سے شہریوں میں بالخصوص نوجوانوں میں شدید بے چینی پیدا ہورہی ہے اور خدشہ ہے کہ ایسے کراچی دشمن رویے کو فوراً نہ روکا گیا تو لسانی منافرت میں اضافہ ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بھرتیوں کی نگرانی کرنے والا سندھ پبلک سروس کمیشن کراچی دشمن ادارہ بن چکا ہے،کراچی سمیت سندھ کے عوام ٹیکس کی مد میں ہزاروں ارب روپے وفاقی وصوبائی حکومتوں کو ادا کرتے ہیں اس کے باوجود کراچی کے ساتھ سوتیلی ماؤں جیسا سلوک روارکھا جاتا ہے اورکراچی کے شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پر نوکریوں سے محروم رکھاجاتاہے۔

امیرجماعت نے کہاکہ اخباری اطلاعات کے مطابق جعلی ڈومیسائل بنانے کا عمل گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے جس میں ڈپٹی کمشنر اور ان کے دفاتر کا نچلا عملہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ کا مذموم اقدام نیب آرڈیننس کے تحت قابل گرفت ہے،نیب آرڈیننس کے تحت انکوائری اور کارروائی عمل میں لائی جائے۔