لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر ایک مقامی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق مرغزار ہاوسنگ اسکیم کے صدر محمد شہزاد چیمہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارطغرل کا مجسمہ مکینوں کی ارطغرل غازی سے انسیت اور اُن کی خواہش پر نصب کیا گیا ہے۔ اس طرح کے 3 مجسمے بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا اس شخصیت پر ڈرامہ بننے سے پہلے ہی میں تاریخ میں ارطغرل کردار کا مطالعہ کرچکا ہوں اور اس کے بارے میں کافی معلومات پہلے ہی رکھتا تھا۔ ارطغرل کے بارے میں مجھے جس بات نے متاثر کیا وہ یہ تھی کہ ایک شخص نے پوری قوم کو متحد کیا اور سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھی۔ یہ بات اسلام دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہوتی۔ ہمارے بچے شوق سے اس ڈرامے کو دیکھتے ہیں مگر اُنہیں اس میں دئیے گئے پیغام کو بھی سمجھنا چاہئیے۔
ایک صحافی کی جانب سے مجسمے کی قیمت پوچھے جانے پر کہا کہ میں ان مجسموں پر آئی لاگت نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر عوام کی تمام تر توجہ مجسمے کے بجائے اس کی قیمت پر ہوگی۔
اس موقع پر ہاؤسنگ اسکیم کے سکیریٹری جنرل سہیل انور رانا کا کہنا تھا کہ ہم اس جگہ کا نام ارطغرل غازی چوک رکھیں گے۔