شوگررپورٹ میں تحقیقاتی کمیٹی نے وزیراعظم کو تحفظ فراہم کیا، لیاقت بلوچ

382

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ  کا کہنا ہے کہ شوگر مافیا کی تحقیقاتی کمیٹی نے وزیراعظم سمیت وفاقی وزراء کو تحفظ فراہم کیا، پٹرول بحران نے واضح کردیا کہ حکومتی نظام مفلوج، بد انتظامی اور کرپشن کا شکار ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ شوگر مافیا تحقیقاتی رپورٹ تو آگئی، آٹا مافیا رپورٹ کہیں اٹک گئی ہے، شوگر سبسڈی کے اصل ذمہ دار وزیراعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزراء ہیں، تحقیقاتی کمیٹی نے انہیں تحفظ دے دیا،حکومتوں کی وجہ سے سبسڈی دی جاتی رہی، پی ٹی آئی حکومت نے سبسڈی بھی دی اور عوام سے مہنگی چینی کے بدلے اربوں روپے بھی وصول کیے۔

  لیاقت بلوچ نے مزید  کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کرونا وائرس سے نبرد آزما ہونے میں ناکام ہیں اس لیے ناکامی کا ملبہ کسی نہ کسی پر ڈالنے کی مکروہ کوشش کی جاتی ہے، کورونا وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے پہلے زائرین، پھر تبلیغی جماعت اور اب بیرون ملک پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جارہاہے، یہ رویہ انسانیت کی توہین ہے، وائرس تو ہر جگہ ہے تما م انسان متاثرہیں، خاص معنی اور وقتی سیاسی مقاصد کے لیے کسی طبقہ کو ٹارگٹ کرنا ظلم اور فساد ہے۔