کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا خود جائزہ لوں گا، وزیر اعظم

485

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا  ایس او پیز پر عملدرآمد کا خود جائزہ لوں گا،کسی محلے میں کورونا پھیلے گا اور جہاں ایس او پیز پرعمل نہیں ہوگا اُن جگہوں کو بند کردیا جائے گا۔

اسلام آباد میں کورونا کی صورتحال پر اظہار خیا ل کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ بار بار کررہی ہے تاکہ معیشت بیٹھ جائے اور ایک بار پھر اپوزیشن پوائنٹ اسکورنگ کرے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین چاہتے تھے کہ لاک ڈاؤن پہلے کردیتے، لیکن ان کو بتانا چاہتاہوں کہ بھارت نے پورے ملک میں غلط لاک ڈاؤن کیا تو  بھارت میں 3کروڑ نوجوان بے روزگار ہوگئے،بھارت میں نچلہ طبقہ پس گیا، اسپتال میں علاج کرانے کے لیے جگہ نہیں، بھارت بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کیطرف جارہاہے۔

وزیر اعظم نے نام لیے بغیر شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں کو تاثریہ ملاکہ ملک مشکل میں ہے، ان حالات میں اپنی قابلیت دکھانی اور اپنے اہل ہونے کا ثبوت دینا چاہیے،یہ لندن سےبھاگےبھاگےآئےماسک پہنااورلیپ ٹاپ کےسامنےبیٹھ گئےکہ میں بتاؤں گا۔

انہوں نےکہا کہ 70سالوں میں صاحب اقتدار کھانسی ہونے پر بھی علاج باہر سے کرواتے تھے، صاحب اقتدار کو ہیلتھ سسٹم کی فکر نہیں تھی ۔

عمران خان نے کہاکہ  بدقسمتی سےآئندہ دنوں میں کورونا پھیلے گا اور اس سےاموات بھی بڑھیں گی، آئندہ ماہ کورونا عروج پر جاسکتاہے۔

وزیر اعظم نے کورونا وبا کے دوران حکومتی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ آغاز میں ٹیسٹنگ کی صرف 2 لیبارٹریز تھیں اور صرف 500 ٹیسٹوں کی گنجائش تھی جب کہ اب 107 لیبارٹریز ہیں اور 4 گھنٹے میں 25 ہزار ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پورے ملک میں ایس اوپیز کا جائزہ لوں گا،  ڈیٹامنیجرزتمام اسپتالوں میں بھیج رہےہیں جوہمیں مستقل فیڈبیک دینگے،آئی سی یوکیلئے اسٹاف تیارکررہےہیں کریش کورسزکرائےجارہےہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا سے پہنچنے والے نقصان کو کم سے کم کرنا ہوگا اور اس کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے،حکومت اب ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے سختی سے کام لے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن صنعتوں، مقامات یا علاقوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوگا اسے بند کردیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی جس کی روزانہ کی بنیاد پر مجھے رپورٹ بھی دی جائے گی اور اس سارے عمل کی نگرانی میں خود کروں گا۔