لاہور،سیکنڈری اسکول ایجوکیٹرز اور اے ای اوز ریگولرائزیشن کا اجلاس

103

لاہور (نمائندہ جسارت) سیکنڈری اسکول ایجوکیٹرز اور اے ای اوز ریگولرائزیشن موومنٹ کے مرکزی و ضلعی فوکل پرسنز کا اجلاس گزشتہ روز لاہور میں منعقد ہوا جس میں پنجاب ٹیچرز یونین کے قائدین کاشف شہزاد چودھری، رانالیاقت علی اور وحیدمراد یوسفی سیمت سید قاسم بخاری، ذیشان اُپل، خضر حیات وٹو، محمد عمران ، امان اللہ، غلام فرید اور اے ای اوز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر عاصم اعجاز چیمہ نے شرکت کی۔شرکا اجلاس نے حکومت پنجاب اور محکمہ تعلیم اسکولز پنجاب کی طرف سے منظور شدہ ریکروٹمنٹ پالیسی و طریقہ کار کے تحت بھرتی ہونے والے سیکنڈری اسکول ایجوکیٹرز کی مستقلی میں بلا جواز رکاوٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مستقلی کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے پُرامن احتجاج سمیت تمام آئینی و قانونی آپشن بروئے کارلانے کا فیصلہ کیا اور غیر مشروط مستقلی کے لیے اساتذہ کی حقیقی نمائندہ تنظیم پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین کے قائدین کاشف شہزاد چودھری، رانا لیاقت علی اور وحید مراد یوسفی کو آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے کا مکمل اختیار دیا۔ جس پر پنجاب ٹیچرزیونین کے قائدین نے دیگر مرکزی رہنمائوں سے مشاورت اور لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا جس کے بعد پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کی مرکزی قیادت کی طرف سے سیکنڈری اسکول ایجوکیٹرزاور اے ای اوز کی غیر مشروط ریگولرائزیشن کے لیے حتمی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اس پر پنجاب بھر کے سیکنڈری اسکول ایجوکیٹرز ، اے ای اوز سمیت تمام اساتذہ بھر پور عمل کریں گے اور یہ جد و جہد غیر مشروط مستقلی تک جاری رہے گی۔