نااہل حکمرانوںکے پاس عوام کیلیے کوئی ویژن نہیں ہے ،جاوید قصوری

93

7لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ کیسز 6409 اور 101 اموات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کھل کر سامنے آچکی ہے۔ ایک طرف کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں، اموات میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت نے 5 قرنطینہ سینٹرز اور 50 بیڈ کا عارضی اسپتال بند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ ٹکٹ منہ مانگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں۔ سفارت خانوں نے بھی انہیں بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے، ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت تمام شعبوں میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ امداد کے نام پر عوام کو محض طفل تسلیاں دی گئیں۔ لاک ڈائون کے ستائے عوام حکومتی امداد حاصل کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود ہی عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہی ہے۔ وزرا کو سمجھ ہی نہیں آتا کہ کیا کہنا چاہیے اور کیا نہیں۔ ثابت ہوچکا ہے کہ موجودہ حکمران نا اہلوں کا ایک ٹولہ ہے، جس کے پاس کوئی وژن نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مصیبتوں کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے، چھٹکارے کے لیے رجوع الی اللہ کرنا ہوگا۔ عوام اللہ سے توبہ استغفار کرکے اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق گزارنے کا عہد کریں۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا مگر بد قسمتی سے 73 برس گزرنے کے باوجود، قرآن و سنت کے نظام کو نافذ العمل نہیں کیا جاسکا۔ سود پر چلنے والی معیشت سے نجات حاصل کی جائے۔