کورونا وائرس:وزیرا عظم کا اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان

361

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کرنے کے لیے سختی سے ایس او پیز پر عمل کروانا ہوگا،غریب ملکوں کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن بہتر آپشن ہے۔

عمران خان نے کورونا سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جولائی میں کورونابڑھے گا ، جس کی وجہ سے کافی مسائل پیدا ہونگے،کورونا وبا کا پھیلاؤ ماسک کے استعمال سے 50 فیصدکم ہوسکتا ہے، اگر ہم احتیاط نہیں کریں گے تو کورونا وبا تیزی سے پھیلےگی ، عوام اگر ایس او پیز پر نہیں چلیں گے تو ملک کو بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ افسوس سے کہنا پڑتاہے کہ جیسے لاک ڈاون ہٹایا لوگوں نےسمجھا بیماری ختم ہوگئی ، عوام نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا، ایس اوپیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے دیگر صوبوں کے دورے کروں گا، خود تمام صورتحال مانیٹر کروں گا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تاثر دیا جارہا تھا کہ لاہور میں پھر لاک ڈاون کیا جائے گا ، لیکن میں یہ بات لوگوں کوبتانا چاہتاہوں کہ  جتنی دیر ملک بند کرتے ہیں اتنی دیر معیشت تباہ ہوتی ہے ، اسی لیے ہم رضاکاروں کی ذریعے ایس او پیزپرعمل درآمد پر نظر رکھیں گے، اگر ہم کاروبار شروع کرنے کا موقع دے رہے ہیں تو عوام پر لازم ہے کہ احتیاط کرے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جب نیویارک کادیوالیہ نکل گیا تو سوچیں لاک ڈاؤ ن سےہمیں کتنی مشکل پیش آسکتی ہے؟نیو یارک کا میئرکہہ رہا ہے کہ لاک ڈاؤ ن کی وجہ سے دیوالیہ نکل گیا ہے، ہمارا ملک   تائیوان کی طرح چھوٹا یا امیر ملک ہوتا تو لاک ڈاون آسان ہوتا، لیکن غریب ملکوں میں لاک ڈاؤن کا سارا بوجھ غریب طبقے پرآتا ہے ، امیر ملک ہو ، بڑے گھر ہوں تو لاک ڈاؤ ن آسان ہوتا ہے۔