لداخ میں چین سے جھڑپ میں 20 بھارتی فوجی ہلاک

462

لداخ میں چینی فوج کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چین اور بھارت کے مابین وادی گیلوان میں گزشتہ رات ہونے والی جھڑپ میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہلاکتیں گولی لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ پتھراؤ کے ذریعے لڑائی میں ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت نے کرنل سمیت 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

بھارتی وزارت خارجہ نے تصادم میں 20 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ تصادم کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے جن میں سے کچھ دم توڑ گئے ہیں۔

چین نے فوجی تصادم کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا اور اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز 2 بار سرحدی خلاف ورزی کی، چینی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور اشتعال انگیزی پھیلائی جس کے نتیجے میں چینی اور بھارتی افواج میں سنگین تصادم ہوا۔