وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایکسپرٹ کمیٹی ڈیکسامیتھاسون دوا کے استعمال پرغور کرے گی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ برطانیہ میں ڈیکسامیتھاسون سے مثبت نتائج آئے، ڈیکسامیتھاسون دوا کے استعمال سے کورونا وائرس مریضوں کی اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ڈیکسامیتھاسون دوا کو خوش آئند کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دوا صرف تشویشناک اور وینٹی لیٹر پر موجود کورونا کے مریضوں کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ ڈیکسامیتھاسون دوا سوجن کو کم کرنے، دمہ اور جلد کی بیماریوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جب کہ یہ دوا انتہائی سستی ہے اور ہر ملک میں موجود ہے۔
گزشتہ روز برطانیہ میں اس دوا کو کورونا وائرس کے مریضوں پر آزمایا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
برطانوی ماہرین کے مطابق ڈیکسامیتھاسون دوا وینٹی لیٹر پر موجود مریض کی موت کے خطرے کو 40 فیصد سے کم کر کے 28 فیصد پر لے آتی ہے۔ جب کہ جن مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے ان کی موت کے خطرے کو 25 فیصد سے 20 فیصد کر دیتی ہے۔