حکومت ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے، عبدالوکیل

97

فیصل آباد (جسارت نیوز) صدر پاکستان ایگریکلچرل سائنٹس فورم ڈاکٹر عبدالوکیل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو خدانخواستہ ملک قحط سالی کا شکار ہوسکتا ہے، پنجاب میں اس وبا سے گزشتہ سال کے دوران ربیع فصلات کے کئی ہزار ہیکٹر تباہ ہوئے، ٹڈی دل نے ریگستانی علاقے چولستان اور تھل میں انڈے دیے، حیران کن طور پر حکومت نے اس وقت کسی قسم کا کوئی اقدام نہیں کیا اور ٹڈی دل کو پھلنے پھولنے کا موقع دیا۔ ایک اندازے کے مطابق صرف 25 فیصد فصلیں تباہ ہونے سے تقریباً 2.6 بلین یو ایس ڈالر پاکستان کو نقصان ہوسکتا ہے۔ حکومت کو ٹڈی دل کی اس بڑھتی ہوئی تعداد کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں جون 2019ء میں 250,000 ہیکٹر پر اسپرے کیا لیکن بدقسمتی سے پاکستان نے کسی قسم کا کوئی اقدام نہیں کیا اور نہ ہی پاکستان میں اس کے پھلنے پھولنے کے موسم (جنوری، مارچ) میں بھی ٹڈی دل کے لاروے کو تلف کرنے کی خاطرخواہ کوشش کی گئی۔ ملک کو قحط سالی سے بچانے کے لیے ٹڈی دل ایمرجنسی کا اعلان کورونا وائرس کی طرح کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے کنٹرول کو بہتر بنانے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں۔