ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہوشر با اضافہ ہوچکا ، جاوید قصوری

78

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 210 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ فلور ملز مالکان نے حکومتی نرخ نامہ ہوا میں اڑا دیا ہے۔ جبکہ حکومت بے بس دکھائی دیتی ہے۔ مافیا نے عوام پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے۔ پٹرویم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ریلیف عوام تک نہیں پہنچ رہا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہوشر با اضافہ ہوچکا ہے۔ ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ تبدیلی کے دعویدار وں نے عوام سے دو قت کا نوالہ چھین لیا ہے۔ اشیاء خورونوش لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں۔ چینی، گندم مافیا حکومت کی صفوں میں بیٹھا ہے۔ قوم منتظر ہے کہ وزیر اعظم بلا تفریق احتساب کا نعرہ کب پورا کریں گے اور کرپٹ عناصر کو حکومت سے نکال کر سزا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے ملکی معیشت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے جبکہ یہ سلسلہ رکا نہیں بلکہ کورونا کا وار تیز ہوچکا ہے۔ ایک دن میں 133 افراد جاں بحق اور 5388 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک بھر میں کل مریضوں کی تعداد 165064 اور اموات 3229 ہوگئی ہیں اور صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 61380 ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے حکومت پاکستان نے مایوس کن کردار ادا کیا ہے۔ ایئر لائن اور ٹریول ایجنسیاں ٹکٹ تین گنا زائد قیمتوں پر فروخت کررہی ہیں۔ اس کی روک تھام کے حوالے سے کوئی میکنزم نہیں۔ جماعت اسلامی پنجاب نے الخدمت کے تعاون سے بیرون ملک کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی میتوں کو ان کے گھروں میں منتقل کرنے کے لیے فری ایمبولینس سروس شروع کردی ہے۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔