بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

327

اسلام آباد:پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر  بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے ایل او سی کے حاجی پیر اور بڈوری سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں بڈوری سیکٹر کے گاؤں منسار کی 13 سال کی لڑکی شہید ہوئی جب کہ ایک 12 سال کا لڑکا زخمی ہوا۔

عائشہ فاروقی نے بتایا کہ بھارتی ناظم الامور گوراو اہلوالیا کو ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا اور سارک زاہد حفیظ چودھری نے طلب کیا اور 20 جون کو لائن آف کنٹول پرجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا۔

پاکستان نے بھارت پر 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھے۔

مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق قوانین کی خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔