حکومت بھارتی جارحیت کے بجائے اپوزیشن سے مقابلہ کررہی ہے، سعد رفیق

337

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ  حکومت کو مقابلہ کرنا تھا بھوک کا اور بھارتی جارحیت کا لیکن یہ مقابلہ کررہے ہیں اپوزیشن کا ، بجٹ سر پر ہے اور قائد حزب اختلاف کو گرفتار کرنے کےدرپے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ دل نہیں کررہا تھا کہ اس ایوان میں آکر بات بھی کی جائے ،ماضی میں بھی پارلیمان بے توقیر ہوتی رہی مگر اتنی کبھی نہیں ہوئی جتنی اب ہورہی ہے ، سچ تو یہ ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں ہے ،کوئی آج مان گیا ہے کہ جمہوریت نہیں کوئی کل مان جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن حکومت گرا رہی ہے نہ وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لا رہی ہے ،جتنی وزارت عظمی کی توہین کی گئی اب وزارتیں دینے والے وزارت ہاتھ میں لیکر پھیریں گے کوئی نہیں لے گا ، یہ وقت جلد آنیوالا ہے،ایک شیخ چلی آیا ہر چیز برباد کرگیا ،مان لیں سقوط کشمیر ہوچکا ،ہمیں نشانہ بنالیں مگرملک کو بچالیں، بجٹ سمیت ہر کام مصنوعی طور پر کیا جارہا ہے ،کل آپ کو رسیدیں بھی دکھا نا اور حساب بھی دینا پڑے گا ۔

سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ آپ اس پوزیشن میں نہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ قومی معاملات پر بات کرسکیں ،گیارہ ووٹوں کی حکومت ہے وہ بھی آپکے اپنے نہیں ،کس خمار میں ہیں ،اس ملک میں دو تہائی اکثریت کا کیا حشر ہوا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے، آپ کس غلط فہمی کا شکار ہیں ،ملک کو کہاں لے جا رہے ہیں، کسی کو کچھ نہیں پتہ ،سانحہ بنگلہ دیش سے سبق نہیں سیکھا تو کورونا سے سبق سیکھ لیں ۔